علامہ آقبال آفاقی کُتب خانہ www.iqbalcyberlibrary.net ایک آن لائن لائبریری ہے جس میں کئی زبانوں میں مختلف موضوعات بالخصوص اقبالیات اور اس سے متعلق موضوعات پر برقی کتب دستیاب ہیں۔ اس ویب گاہ کا انتظام و انصرام اقبال اکادمی پاکستان کے شعبہ اطلاعیات کے پاس ہے جو کہ اس کی باقاعدگی سے تازہ کردی کرتا ہے۔
علامہ اقبال کے ۱۲۵ ویں سن ولادت کے نسبت سے سال ۲۰۰۲ء کو وفاقی حکومت نے سالِ اقبال قرار دیا تھا۔ اقبال اکادمی پاکستان کو تقریبات و دیگر منصوبہ جات پر عمل درامد کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ سال منانے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے تجاویز طلب کی گئیں۔ مختلف حلقوں کی جانب سے موصول شدہ تجاویز میں جناب قاسم شہزاد کی طرف سے اُردو کے پہلے آن لائن کتب خانہ "علامہ اقبال آفاقی کتب خانہ" کی تخلیق کی تجویز بھی شامل تھی۔
پراجیکٹ گوئٹنبرگ کی طرز پر اردو زبان میں ایک ہندسی کتب خانہ کی تیاری کا منصوبہ بنایا گیا جس میں صارف اردو زبان میں اقبالیات کے ساتھ ساتھ ادب (افسانہ، ناول، شاعری وغیرہ) اور کلاسیکی ادب کا مطالعہ کر سکے۔ بینڈوتھ کی کمی اور قیمت کی گرانی کی وجہ سے اس وقت (۲۰۰۲ء میں) ڈاؤن لوڈ کی سہولت فراہم نہ کی جا سکی۔ اُس وقت بنیادی تصور یہ تھا: اگر کسی کتاب کو کمپوز کرنے یا سکین کرنے پر دس ہزار روپے خرچ آئے اور اتنے ہی افراد اس کا مطالعہ کریں تو فی کتاب قیمت ۱یک روپیہ فی شخص بنتی ہے۔ یونی کوڈ ۴۔۰ کی دستیابی سے پہلے اردو کے تمام حروف معیاربندی کے ساتھ دستیاب نہ تھے۔ لہذا تجویز کیا گیا کہ تحریر کی بجائے صفحات کے عکس دیے جائیں۔ اقبال اکادمی پاکستان کی مجلسِ عاملہ کی منظوری کے بعد تجویز وزارتِ کھیل، ثقافت، سیاحت، امورِ نوجوانان و اقلیتی امور، حکومتِ پاکستان نے وفاقی کابینہ کو درج ذیل تجویز برائے منظوری پیش کی:
…
۹۔۴ علامہ اقبال آفاقی کتب خانہ
اکادمی، اقبالیات اور ممکنہ طور پر دیگر متعلقہ موضوعات پر برقی کتب کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آفاقی کتب خانے کی منصوبہ سازی کرے گی، اور اسے مکمل کرنے کے بعد افتتاح کر دیا جائے گا۔ (اکادمی)
…
چنانچہ اقبال اکادمی اور جناب قاسم شہزاد کا آفاقی کتب خانے کی تیاری کا معاہدہ طے پا گیا۔ منصوبے کا آغاز صدرِ پاکستان نے ۲۱، اپریل، ۲۰۰۳ کو سالِ اقبال کی اختتامی تقریب میں کیا۔ کتب خانہ مکمل ہونے کے بعد یکم جنوری، ۲۰۰۴ء کو گورنر پنجاب نے اس کا افتتاح کیا۔
۰ کتب سے شروع کر کے، ۳۱، دستمبر، ۲۰۱۳ء تک یعنی دس سال میں اردو زبان میں ۷۵۰ کتب آن لائن مطالعہ کے لیے پیش کی گئیں۔
علامہ اقبال آفاقی کتب خانے کی تجدیدِ نو کا منصوبہ محمد نعمان چشتی، سربراہ شعبہ اطلاعیات، اقبال اکادمی پاکستان نے تیار کیا۔ تصور کے بنیادی خدوخال درج ذیل تھے:
ناظم اقبال اکادمی پاکستان کی منظوری کے بعد شعبہ اطلاعیات نے منصوبے کے مطابق تجدیدِ نو کا کام شروع کر دیا۔ تجزیہ کاری کے فرائض محمد نعمان چشتی نے انجام دیے۔ ڈیزائن کے مطابق جناب محمد عرفان طارق، سافٹ ویئر انجینئر نے ٹیکنالوجی تیار کی۔ صارف مواجہ کی تیاری کی ذمہ داری جناب فیصل وحید ویب ماسٹر نے انجام دی۔ جناب محمد عثمان اکبر اور جناب محمد اعجاز سلیم نے کتابوں کو ڈیجیٹلائز کیا اور ۹، نومبر، ۲۰۱۴ء کی نقل بالا کرنے سے قبل جناب فہیم ارشد، منتظم شبکہ نے تمام مواد کو حتمی طور پر ٹیسٹ کیا۔